بابر اعظم ورلڈ کلاس پلئیر لمبے سیشنز نکالنا آسان نہیں محمد یوسف

Apr 21, 2022

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے کہا ہے کہ بابر اعظم اس وقت تینوں فارمیٹ میں زبردست بیٹنگ کر رہے ہیں۔سٹیو سمتھ، کین ولیمسن ، جوروٹ اور ویرات کوہلی جن کے اس وقت بابر اعظم کیساتھ نام لیے جا رہے ہیں ان میں سے کین ولیمسن اور جو روٹ ٹاپ پر ہیں، لیکن نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن تینوں فارمیٹ کھیلتے ہیں اور جو روٹ تینوں فارمیٹ نہیں کھیلتے، لیکن یہی ورلڈ کلاس بیٹرز ہیں۔ بابر اعظم اس وقت اپنی پرائم فارم میں ہیں، ان کی پرفارمنس بول رہی ہے، ان کے کھیلنے کا انداز بھی بتا رہا ہے کہ وہ اس وقت ٹاپ ورلڈ کلاس پلیئر ہیں۔ بابر اعظم نے آسٹریلیا کیخلاف 196 رنز کی جو اننگز کھیلی ہے وہ میرے خیال میں ایک بہت بڑی اننگز ہے، آپ کسی بھی وکٹ پر کھیل رہے ہوں صورتحال خواہ کیسی ہی کیوں نہ ہو، اتنے لمبے سیشنز نکالنا آسان بات نہیں ہے۔ عبداللہ شفیق کو بھی بہت کریڈٹ جاتا ہے، ان کے پاس اتنا تجربہ بھی نہیں ، نیا لڑکا ہے لیکن اس نے ٹمپرامنٹ کا مظاہرہ کیا، ٹف اور پریشر والے میچ میں نوجوان نے اچھا کھیلا۔ بابر اعظم نے جس طرح کی غیر معمولی اننگز کھیلی ہے ۔ جو فرسٹ کلاس کرکٹ کے بیٹرز ہیں، یا جنہوں نے ابھی آغاز کرنا ہے وہ بھی اس طرح کی کرکٹ کھیلیں اور سیکھیں کہ جہاں رنز والی گیند ملے اس کو چھوڑیں نہیں۔ مسلسل کرکٹ کا ہونا ضروری ہے، جتنی کرکٹ ہوتی ہے اور اس میں کھلاڑی حصہ لیتے ہیں اس کا فائدہ ہوتا ہے۔ حال ہی میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز ہو ئی ہے لڑکوں نے اچھا پرفارم کیا ہے۔قومی ٹیم کے سابق کھلاڑی محمد یوسف کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے ،دوسرا ٹیسٹ اگرچہ ڈرا ہوا لیکن آخری وقت تک دلچسپ رہا، کوئی بھی جیت سکتا تھا، تیسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ایک مختصر وقت آیا جب ہمارے وکٹیں یکے بعد دیگر گر گئیں، میں سمجھتا ہوں کہ لڑکوں کی سیریز میں بیٹنگ پرفارمنسز بہت اچھی رہی ہیں۔

مزیدخبریں