اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)غیرسرکاری تنظیم پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق (ایچ آر سی پی)نے پرامن اجتماع کی آزادی کے حق پر ایچ آر سی پی کے تصویری مضمون نویسی کے مقابلے کے نتائج کا اعلان کر دیا ۔ بدھ کو ایچ آر سی پی کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق راولپنڈی کے دیہات میں اراضی سے بے دخلی پر تصاویر کیلئے پہلی پوزیشن سبط الحسن طوری، سال 2022 میں محنت کش عورت ریلی سے متعلق تصاویر کیلئے دوسری پوزیشن مسکان فردوس، سال 2021 اور 2022 میں عورت مارچ لاہور پر اپنی تصاویر کے لیے تیسری پوزیشن پر عون جعفری کو منتخب کیا گیا ہے۔ جیتنے والوں کا انتخاب فنکاروں، فوٹوگرافروں اور انسانی حقوق سے متعلق ماہرین کے ایک آزاد پینل نے کیا ۔