کراچی (نیوز رپورٹر) مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے صدر علامہ باقر زیدی نے کہا ہے کہ یوم شہادت امیر المومنین امام علی ابن ابی طالب علیہ السلام سندھ بھر میں مذہبی عقیدت اور احترا م کے ساتھ منایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز کراچی پریس کلب میں دیگرشیعہ رہنماوں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے
خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یوم شہادت امام علی ؑ کے موقع پر مجالس او ر عزاداری کے اجتماعات منعقد ہوں گے۔ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے یوم علی ؑ کے موقع پر سندھ بھر میں فول پروف سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنائیں۔ امام علی علیہ السلام کو شدت عدل کی وجہ سے شہید کر دیا گیا، امام علی ؑ نے عدالت کے قیام کے لئے اپنی جان قربان کی اور اسی طرح کربلا میں بھی عدالت کے قیام کے لئے امام حسین ؑ نے بے مثل قربانی دیکر اسلام اور عدالت کو تحفظ فراہم کیا۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کے حکمران امام علی ؑ کے طرز حکومت کو اپنا اسوہ قرار دیں۔ ہم پاکستان میں عدل و انصاف اور قانون کی بالا دستی پر یقین رکھتے ہیں لیکن یہ اسی صورت قائم ہو سکتی ہے جب حکمران امام علی ؑ کی سیرت پر عمل پیرا ہوں اور نظام حکومت میں امام علی ؑ کے طرز حکمرانی کو سیرت قرار دیں۔علامہ باقر زیدی نے حالیہ دنوں میں فلسطین میں ہونے والی صہیونی جارحیت اور مسلسل ستر سالوں سے ظلم و بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری اور مسلم امہ کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کے لئے کوششوں کو تیز کریں۔ انہوں نے عرب دنیا کے اسرائیل کے ساتھ تعلقا ت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عرب ممالک کا اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنا فلسطینی قوم اور عالم اسلام کے ساتھ بد ترین خیانت ہے جسے مسلم امہ کبھی معاف نہیں کرے گی۔اس موقع پر ان کے ہمراہ علامہ مزا یوسف حسین رہنما علی حسین نقوی،علامہ صادق جعفری،مولا رضا جعفری، علامہ مبشر حسن، مولانا علی انور،مولانا ملک غلام عباس، میر تقی ظفر اور دیگر بھی موجود تھے۔
یوم شہادت علیؓ مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ منایا جائیگا‘ باقر زیدی
Apr 21, 2022