کراچی (کلچرل ڈیسک) خوشیوں کے تہوار عید الفطر پر پاکستانی فلم بینوں کو معیاری فلم کا تحفہ دینے کیلئے لالی وڈ کے شومین سید نور نے رومانس، مزاح اور معیاری تفریحی تفریح سے بھرپور نئی فلم ’’تیرے باجرے دی راکھی‘‘ تیارکی ہے جو عید الفطر پر لاہور،
کراچی اور اسلام آباد سمیت سرکٹ کے تمام سینماؤں میں نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔ فلم کی اسٹارکاسٹ میں جہاں لالی وڈ کی سینئر فنکارہ صائمہ اور بابر علی شامل ہیں وہیں نوجوان نسل کے دلوں کی دھڑکن سوشل میڈیا سٹار جنت مرزاکی یہ پہلی فلم ہے اور وہ باصلاحیت نئے فنکار عبداللہ خان کے ساتھ فلم میں جلوہ گرہورہی رہیں۔ عبداللہ خان کی یہ پہلی فلم ہے جو کینیڈا میں فلم میکنگ کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ فلم کے دیگر فنکاروں میں مصطفی قریشی، عرفان کھوسٹ، شفقت چیمہ،عامر قریشی، خوشبو خان،راشد محمود، نغمہ بیگم،اقصی مختار اور سید علی کرمانی شامل ہیں جبکہ سپر سٹار کامیڈینز افتخار ٹھاکر، آغا ماجد،شیری ننھا اورسلیم البیلا نے بھی دلچسپ کرداروں میں جلوہ گر ہوکر فلم کی رونق کو چار چاند لگا دئیے ہیں۔ ’’تیرے باجرے دی راکھی‘‘ کی عکسبندی پنجاب کی خوبصورت اور تاریخی لوکیشنز پر کی گئی ہے جبکہ اس کی کہانی اور ڈائریکٹریشن کے فرائض شومین سید نور نے سر انجام دئیے ہیں اور اس کی پروڈکشن معروف پروڈیوسر صفدر ملک کے بینر ایس ایس آر فلمز کے تحت کی گئی ہے۔ فلم کے نمائش کے حقوق ڈسٹری بیوشن کلب نے حاصل کر رکھے ہیں جس کے پلیٹ فارم سے’’تیرے باجرے دی راکھی‘‘ خوشیوں کے تہوار عید الفطر پر ملک بھر کے سینماؤں میں نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔
جنت مرزا کی پہلی فلم ’’تیرے باجرے دی راکھی‘‘ عید الفطر پر سینماؤں کی زینت بنے گی
Apr 21, 2022