اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئین پاکستان ایپ میں آئین کی تمام دفعات، اختلاف رائے، جمہوریت اور اسکی اصل جزیات کو شامل کیا گیا ہے۔ اس ایپ کا مقصد آئین کی اہمیت، آگاہی، رہنمائی اور تعلیمات نوجوانوں تک پہنچانا ہے۔ وزیراعظم نے نوجوانوں کے لئے لیپ ٹاپ سکیم، آسان قرضہ جات، انٹرنشپ پروگرام سمیت متعدد پروگرامات دیئے جن کے ثمرات آنا شروع ہو گئے ہیں۔ وہ جمعرات کو پی ٹی وی سنٹر اسلام آباد میں ”آئین پاکستان ایپ” اجراء تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ ایپ کا باقاعدہ افتتاح وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان، وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات سہیل علی خان اور دیگر حکام تقریب میں شریک تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم پاکستان کی تاریخ میں ایک ایسا سنگ میل عبور کر رہے ہیں کہ آئین کے 50 سال مکمل ہونے پر گولڈن جوبلی تقریبات میں آئین پاکستان ایپ کا اجراءکر دیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان نسل جو کہ ہماری آبادی کا 65فیصد ہے۔ ان تک آئین کی اہمیت کو منتقل کرنا، آگاہی، رسائی اور تعلیمات ان تک پہنچانا اس ایپ کا مقصد تھا۔ انہوں نے کہا آئین پاکستان ایپ اجراءکے بعد گوگل پلے سٹور کے اوپر موجود ہو گی۔ ایپ بٹن دبانے پر پاکستان کے عوام کو آئین پاکستان تک رسائی ہو سکے گی۔ آئین پاکستان ایپ کے اندر آئین کے تمام آرٹیکلز موجود ہیں۔ اگر آپ اس ایپ میں تعلیم کے شعبے کو کلک کریں گے تو تعلیم سے متعلق تمام آرٹیکلز سامنے آجائیں گے۔ اس حوالے سے تمام قانون سازی بھی سامنے آجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایپ انگلش اور اردو زبان میں رائج کی گئی ہے۔
آئین پاکستان ایپ کا اجراء، ایک اور سنگ میل عبور کرلیا : مریم اورنگزیب
Apr 21, 2023