آزاد کشمیر : انوارلحق نے وزارت عظمی کا حلف اٹھالیا ، سپیکر کیلئے لطیف اکبر کا نام فائنل 

Apr 21, 2023

 مظفر آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چودھری انوار الحق نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ نومنتخب وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر انوارالحق کی تقریب حلف برداری میں اراکین اسمبلی، سیکرٹریز حکومت سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ حلف اٹھانے کے بعد پہلا خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چودھری انوار الحق نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سارا انفراسٹرکچر مخلوق خدا کی خدمت کیلئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے سٹیٹس کو سے نفرت ہے۔ یہاں انشاءاللہ آزاد کشمیر کے حالات میں بہتری نظر آئے گی۔ ہیلتھ اور ایجوکیشن سیکٹرز سے گزارش ہے کہ ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف اور اساتذہ ڈیوٹی پر حاضر رہیں۔ نو منتخب وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ گفتگو سے کبھی تبدیلی نہیں آتی۔ تبدیلی عمل سے آتی ہے۔ دوسری طرف آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کیلئے چودھری لطیف اکبر کا نام فائنل کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے مابین معاملات طے ہوئے تھے۔ چودھری لطیف اکبر کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے ہے۔ چودھری لطیف اکبر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بھی ہیں۔ مسلم لیگ (ن) سے سینئر موسٹ وزیر بنایا جائے گا۔آزاد کشمیر کابینہ کے 2 ارکان نے حلف اٹھا لیا۔ حلف اٹھانے والوں میں ن لیگ کے وقار نور اور پیپلز پارٹی کے فیصل راٹھور شامل ہیں۔

مزیدخبریں