لاہور(نامہ نگار)سٹی ٹریفک پولیس لاہور عیدالفطر کے ایام میں ٹریفک قوانین کی معمولی خلاف ورزی پرچالان نہیں کرےگی جبکہ سنگین خلاف ورزیوں پر بدستور کارروائی جاری رہے گی۔سی ٹی اومستنصر فیروز نے کہا ہے کہ سگنل، ون وے ٹریفک، ریسنگ، ہلڑبازی اور کم عمر ڈرائیورز کےخلاف کارروائی جاری رہے گی۔عیدالفطر پر ٹریفک پولیس ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائےگی۔ ون ویلنگ، ریسنگ، ہلڑ بازی کسی صورت برداشت نہیں ہوگی۔کم عمر ڈرائیورز کی گاڑی، موٹر سائیکل اور رکشہ کو بند کر دیا جائےگا جبکہ والدین کی طرف سے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کے بعد بند کی گئی گاڑی، موٹرسائیکل واپس دی جائےگی۔ اوورسپیڈنگ کی روک تھام کےلئے سیف سٹی کیمروں کی مدد لی جائےگی۔کینال روڈ، مین گلبرگ، جیل روڈ، خیابان جناح سمیت دیگر اہم روڈ پر سپیڈ گنز سے چیکنگ جاری رہے گی۔ون ویلرز اور ہلڑ بازوں کی پکڑ دھکڑ کےلئے خصوصی دستے بھی تیارہیں۔