مویشی منڈیوں کے ٹھیکوں کی نیلامی  5، 6 ، 8 مئی کو ہو گی: ابراہیم مراد


 لاہور(نامہ نگار) نگران وزیر بلدیات پنجاب ابراہیم مرادنے کہا ہے کہ پنجاب کی 9 ڈویژنوں میں مویشی منڈیوں کے ٹھیکوں کی نیلامی شیڈول کے مطابق 5، 6 اور 8 مئی کو کروائی جائے گی۔ نگراں حکومت نے مویشی منڈیوں کی نیلامی کیلئے ریزرو پرائس گزشتہ سال کی نسبت 30 فیصد زیادہ رکھی ہے۔ اس سال مویشی منڈیوں کے ٹھیکوں کی ریزرو پرائس 3 ارب 70 کروڑ روپے ہے۔ نگران وزیر بلدیات پنجاب ابراہیم مراد کی زیر صدارت پنجاب کی مویشی منڈیوں کی نیلامی کے بارے میں اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا۔ جس میں پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبد اللطیف خان ، جی ایم بزنس پلاننگ اور انٹرنل آڈیٹر نے شرکت کی۔ ابراہیم مراد نے ہدایت کی کہ مویشی منڈیوں کی نیلامی کا عمل شفاف بنانے کیلئے لائیو میڈیا کوریج کروائی جائے گی۔ نیلامی کی تاریخ کی وسیع پیمانے پر تشہیر کیلئے خصوصی میڈیا کمپین چلائی جائے اورنیلامی کی شرائط وضوابط کا اشتہار بلاتاخیرقومی اخبارات میں شائع کروایا جا رہا ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ یہ ٹھیکے مویشی منڈیوں میں جانوروں کی داخلہ فیس اور پارکنگ فیس کی وصولی کیلئے ہوں گے اور ان کی معیاد یکم جولائی 2023 سے 30 جون 2024ءتک ہو گی۔ لاہور ، ملتان اور فیصل آباد کی مویشی منڈیوں کی نیلامی جمعہ 5 مئی کو ہو گی۔ سرگودھا ، راولپنڈی اور ساہیوال کی مویشی منڈیوں کی نیلامی ہفتہ 6 مئی کو ہو گی۔ گوجرانوالہ، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان کی مویشی منڈیوں کی نیلامی پیر 8 مئی کو ہو گی۔ نگراں وزیر بلدیات نے کہا کہ مویشی منڈیوں کو جدید خطوط پر مینج کر کے ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ کیٹل مارکیٹ کے بارے میں شکایات کے ازالے کیلئے ہیلپ لائن 1233 قائم کر دی گئی ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن