فیصل آباد (اے پی پی)محکمہ زراعت نے جوار کی کاشت کیلئے ہلکی کلراٹھی زمینوں کو بھی موزوں قرار دے دیاہے اور کہاہے کہ اگر کاشتکار چاہیں تو وہ ہلکی کلراٹھی زمین پر بھی جوار کاشت کرسکتے ہیں تاہم زیادہ پیداوار لینے کیلئے بھاری میرازمین جس میں پانی کا اچھانکاس ہو بہترین ہو تی ہے۔ محکمہ کے ترجمان نے کہاکہ کاشتکار جوار کی ترقی دادہ اقسام جے ایس 2002، ہیگاری، جے ایس 26، چکوال جوار اور جوار 2011کی کاشت سے قبل زمین کی تیاری کیلئے اچھی طرح ہل چلانے کے بعد سہاگہ چلا کر زمین کو نرم و بھربھرا کرلیں کیونکہ زمین کاہموار ہونا اچھی پیداوارکا ضامن ہے اور اگر پچھلی فصل پر مٹی پلٹنے والا ہل نہ چلایا گیاہو تو ایک دفعہ مٹی پلٹنے والا ہل اور 2 مرتبہ کلٹیویٹر چلا کر زمین کو نرم وبھربھرا کرلینا چاہیے۔ چارے والی فصل اپریل سے اگست تک حسب ضرورت کاشت کی جاسکتی ہے مگر اپریل و مئی میں اس کی کاشت سے اچھے نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ اگر بیج کیلئے فصل کاشت کرنی مقصود ہو تو اس سے جولائی کے مہینہ میں مکمل کرناچاہیے کیونکہ اس طرح بہترین پیداوار لی جاسکتی ہے۔