فیصل آباد(اے پی پی)زرعی ماہرین نے کاشتکاروں کو لہسن کی فصل کی برداشت اگلے ہفتہ میں شروع کرنے کی ہدایت کی ہے کہ اب جبکہ اپریل کاآخری ہفتہ شروع ہونے والا ہے۔ لہٰذا لہسن کی فصل پوری طرح پک کرتیار اور پودے کے پتے خشک و بھورے رنگ کے ہو رہے ہیں اور فصل برداشت کیلئے تیار ہو رہی ہے اسلئے لہسن کی فصل کو آبپاشی بند کرتے ہوئے اگلے ہفتے اس کی برداشت کا آغاز کر دیا جائے۔ ایوب ریسرچ کے زرعی ماہرین نے کاشتکاروں کے نام پیغام میں کہا ہے کہ کاشتکار احتیاط کے ساتھ کھرپوں کی مدد سے زمین کو کھود کر گٹھلیاں نکال لیں اور انہیں خشک کرنے کیلئے کسی سایہ دار جگہ پر پھیلا دیا جائے۔ لہسن کی گٹھلیوں کو کم سے کم 3 سے 4 روز کیلئے خشک کیاجائے اور جب اوپر سے چھلکے آسانی کے ساتھ اترنا شروع ہو جائیں تو گٹھلیوں کو پتوں سمیت باندھ کرخشک اورہوادار جگہ پر سٹور کرلیاجائے۔