لاہور (کامرس رپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے تاجر برادری پر زور دیا ہے کہ فیڈرل بجٹ تجاویز 2023-24 کیلئے اپنی تجاویز بھجوائے۔ تاجر برادری کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ تاجر اپنے تحفظات اور قابل عمل تجاویز سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو آگاہ کریں۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری، نائب صدر عدنان خالد بٹ، سابق عہدیداران اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کو روپے کی قدر میں کمی، انفلیشن، مارک اپ، پورٹس پر کنسائمنٹس پھنس جانے جیسے مسائل کا سامنا ہے جنہیں جلد سے جلد سے جلد حل کرنا ہوگا۔انہوں نے صوبائی وزیر ایس ایم تنویر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ صنعت و تجارت اور معیشت کیلئے بہترین خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کنسائمنٹس پورٹس پر پھنس جانے کی وجہ سے انڈسٹری کو خام مال کی قلت کا سامنا ہے۔ خام مال کے بغیر مقامی صنعت کا چلنا ممکن نہیں ہے جس کے منفی اثرات برآمدات پر بھی مرتب ہونگے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے کہا کہ سٹیل سمیت جن سیکٹرز کو ماحولیاتی مسائل کی وجہ سے پابندیوں کا سامنا ہے۔ ان کے متعلق پنجاب حکومت سے بات کررہے ہیں۔ سینٹ آف پاکستان میں جاکر تاجر برادری کی نمائندگی کی اور انہیں درپیش مسائل بھرپور طریقے سے اجاگر کیے۔ لاہور چیمبر اپنی بجٹ تجاویز کو حتمی شکل دے رہا ہے۔ لہٰذا تاجر برادری جتنی جلد ممکن ہو اپنی تجاویز لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو ارسال کرے تاکہ انہیں متعلقہ حکومتی محکمہ جات تک پہنچایا جاسکے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے تمام سیاسی جماعتوں کو خط لکھے ہیں کہ وہ اپنا معاشی پلان لاہور چیمبر کے ساتھ شیئر کریں ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آئی ایم ایف کے ساتھ جو نواں ری ویو چل رہا ہے وہ جلد پاس ہوجائے گا اور مستقبل میں انٹرسٹ ریٹ میں بھی کمی آئے گی۔
تاجر برادری وفاقی بجٹ کیلئے تجاویز لاہور چیمبر کو بھجوائے:صدر لاہور چیمبر
Apr 21, 2023