لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے مکی آرتھر کو باضابطہ طور پر ڈائریکٹر پاکستان کرکٹ ٹیم تعینات کر دیا۔پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مکی آرتھر آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 ءاور دورہ آسٹریلیا میں بھی کوچنگ سٹاف میں شامل رہیں گے۔ مکی آرتھر ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کےلئے بھی قومی ٹیم کے کوچنگ سٹاف کا حصہ ہوں گے، مکی آرتھر ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچز میں بھی پاکستانی ٹیم کےساتھ رہیں گے۔چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے مکی آرتھر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جو وعدہ کیا وہ نبھایا، مکی آرتھر آگئے ہیں، مورنے مورکل آئی پی ایل کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کو بطور باﺅلنگ کوچ جوائن کریں گے۔مکی آرتھر کا کہنا تھا پاکستان خون میں شامل ہے اور یہ درست بات ہے، پاکستان کی کرکٹ ٹیم کےساتھ میرے احساسات جڑے ہوئے ہیں، پاکستانی کھلاڑیوں کے کھیل کو جانتا ہوں، کھلاڑیوں کےساتھ تعلقات کو اچھا رکھنا بہت ضروری ہوتا ہے۔نجم سیٹھی کا کہنا تھا غیر ملکی کوچز کا ماحول بہت پروفیشنل ہوتا ہے، ٹاپ ٹیموں کےساتھ کھیلنے کیلئے ٹاپ کوچز کو منتخب کرنا ہو گا، سفارش کی وجہ سے پروفیشنلزم متاثر ہوتی ہے۔ پاکستان میں تعلیم کا معیار بہتر نہیں ہے، انٹرنیشنل سطح پر کوچ کا کام دماغی طور پر مضبوط کرنا ہوتا ہے۔