فیمینن فیوژن" دبئی اور "رہائی آرگنائزیشن" پاکستان انسانی خدمت کے لئے مل کر کام کرنے پر متفق 

Apr 21, 2023

طاہر منیر طاہر


دبئی (طاہر منیر طاہر) "رہائی آرگنائزیشن" پنجاب پاکستان کی بانی اور صدرسیدہ فرح ہاشمی نے گزشتہ دنوں اپنے دورہ امارات کے دوران "فیمینن فیوڑن" متحدہ عرب امارات کی چیئرپرسن فرزانہ کوثر سے ملاقات کی اور انسانی فلاح و بہبود کے سلسلہ میں بات چیت کی- اس موقع پر فرزانہ کوثر نے بتایا کہ فیمینن فیوڑن دبئی و دیگر امارات میں خواتین کی فلاح و بہبود اورخواتین کو با اختیار (Women Empowerment) بنانے کے لئے ایک عرصہ سے کام کر رہی ہے جبکہ پاکستان کے مختلف شہروں میں بھی اسی پروجیکٹ پر کام جاری ہے- سیدہ فرح ہاشمی نے "رہائی آرگنائزیشن" کے بارے معلومات فراہم کرتے ھوئے کہا کہ رہائی آرگنائزیشن پنجاب کی سطح پرگزشتہ 23 سالوں سے مصروف عمل ہے جو حکومت پنجاب کے ادارہ سماجی بہبود کے ساتھ باقاعدہ رجسٹرڈ ہے- یہ ادارہ جیلوں میں بند قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کر رہا ہےجو پنجاب کی مختلف جیلوں میں اب تک نو ہزار سے زائد قیدیوں کو مختلف النوع ہنرکی ٹریننگ دے کر سدھار چکا ہے، جن میں بہت سارے اب معاشرے کے مفید شہری بن چکے ہیں اور محنت مزدوری کر کے رزق حلال کما رہے ہیں- انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے دس اضلا ع کی جیلوں میں "رہائی آرگنائزیشن" کے پندرہ اسکول چل رہے ہیں جن میں قیدیوں کو مختلف فنون میں تربیت دی جاتی تا کہ وہ جیل سے رہائی پانے کے بعد دوبارہ جرائم والی زندگی نہ اپنائیں بلکہ اپنے ہنر کے مطابق کام کریں- سیدہ فرح ہاشمی نے مزید بتایا کہ جیلوں سے رہائی پانے والے لوگ بعد میں بھی ان سے رابطہ رکھتے ہیں اور رہنمائی و مشاورت حاصل کرتے ہیں- "رہائی آرگنائزیشن" نے قیدیوں کی تعلیم و تربیت اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے ڈسٹرکٹ جیل لاہور، شیخو پورہ، اوکا ڑا، بہاولنگر، نارووال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ اور سینٹرل جیل گوجرانوالہ میں اپنے پروجیکٹس شروع کر رکھے ہیں- "رہائی آرگنائزیشن" پنجاب پاکستان کی بانی اور صدرسیدہ فرح ہاشمی اور "فیمینن فیوڑن" متحدہ عرب امارات کی چیئرپرسن فرزانہ کوثر نے اس بات پر اتفاق کیا کہ متذکرہ دونوں تنظیمیں اندرون اور بیرون ملک جیلوں میں بند قیدیوں کی رہائی اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے کام کریں گی- فرزانہ کوثر نے بتایا کہ اس وقت امارات کی مختلف جیلوں میں سیکڑوں پاکستانی رہائی کے منتظر ہیں جن کی مدد کے لئے کام کیا جانا ضروری ہے- سیدہ فرح ہاشمی نے کہا کہ قیدیوں کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو مکمل کرنے اور مزید آگے چلانے کے لئے مخیر لوگوں کا تعاون درکار ہے-

مزیدخبریں