رمضان کی 27 ویں شب 29 ویں سب مسجد الحرام، مسجد نبوی اور اطراف کی سڑکیں نمازیوں سے بھر گئیں

 ممتازاحمدبڈانی سعودی عرب 

سعودی عرب میں مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ میں تقریبا 25 لاکھ افراد نے رمضان کی 27 ویں شب کو عشا اور تراویح ادا کی ۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں بڑی تعداد میں افراد عشاءاور تراویح ادا کرنے کے لیے پہلے سے پہنچنے لگے تھے۔دونوں مساجد کی تمام منزلیں، دالان، تہ خانے، چھتیں اور اطراف کے علاقے نمازیوں سے بھر گئے۔نماز ادا کرنے والوں میں سعودی شہری، مقیم غیرملکی اور زائرین شامل تھے۔حرمین شریفین کی انتظامیہ نے 27 ویں شب کے حوالے سے خصوصی انتظامات کیے تھے تاکہ زائرین کو ذکر، عبادت اور نماز میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
سعودی میڈیا نے 27 ویں شب کے موقع پر مسجد الحرام میں تراویح کے براہ راست مناظر نشر کیے۔ جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسجد الحرام کے اطراف کی سڑکیں، تجارتی مراکز اور ہوٹلوں کی راہداریاں اور علاقے نمازیوں سے بھرے ہوئے تھے۔ قبل ازیں مسجد الحرام میں 27 ویں روزے کو معمول کے مطابق دن میں دس بار دھویا گیا۔ اس کام کے لیے چار ہزار سے زیادہ اہلکار اور چار سو نگراں تعینات تھے۔ 
حرمین شریفین انتظامیہ کے ترجمان ھانی حیدر نے بتایا کہ’ 27 ویں شب کے انتظامات کی براہ راست نگرانی سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس خود کررہے تھے‘۔ھانی حیدر نے کہا کہ ’اس موقع پر آب زمزم کی تقسیم کے خاص انتظامات کیے گئے تھے‘۔ ’مطاف میں دو لاکھ سے زیادہ آب زمزم کی بوتلیں، صفا اور مروہ کے درمیان تحائف کے دو سو بیگ تقسیم کیے گئے‘۔انہوں نے بتایا کہ’ معمر اور معذورزائرین کے لیے تین ہزار الیکٹرانک ویل چیئرز فراہم کی گئی تھیں۔ ویل چیئر کے ذریعے داخلے کے چار دروازے مختص تھے‘۔

ای پیپر دی نیشن