لاہور(کامرس رپورٹر ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تاریخی سماجی و معاشی تعلقات کے باوجود تجارتی حجم پوٹینشل کی عکاسی نہیں کرتا۔ باہمی تجارت کو بڑھانے کیلئے مشترکہ اور ٹھوس اقدامات اٹھانا ہونگے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار افغان تجارتی وفد کے سربراہ، بورڈ ممبر افغانستان چیمبر اور پاکستان افغانستان جائنٹ چیمبر کے معاون صدر خان جان الوک اوزئی سے لاہور چیمبر میںملاقات کے موقع پر کیا۔ وفد کے دیگر اراکین میں اجمل صافی، ببرک اکبر، غریب اللہ، نقیب اللہ سیفی، محمد سلیم افغان، محمد طاہرصافی، عیسی خان اور قیس صافی شامل تھے۔ کاشف انور نے کہا کہ افغان تجارتی وفد کا دورہ اہم ہے۔ ہمسایہ ممالک سے تجارتی تعلقات مضبوط بنانا چاہئیں کیونکہ ہمسایوں کا حق پہلا ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی وفود کا تبادلہ بڑھانا ضروری ہے۔ ایک دوسرے کی ثقافت کو سمجھنے سے بھی تجارت میں اضافہ ہوتا ہے۔ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا شعبہ ہر گزرتے دن کے ساتھ فروغ پارہا ہے۔کاشف انور نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کا باہمی تجارتی حجم 522ملین ڈالر ہے جس میں بہتری کی گنجائش موجود ہے۔
پاک افغان تاریخی سماجی و معاشی تعلقات کے باوجود تجارتی حجم پوٹینشل کی عکاس نہیں
Apr 21, 2024