غزہ، اسرائیلی جارحیت، 57 افراد شہید، 63 زخمی، ہانیہ کی طیب اردگان سے ملاقات

غزہ+ انقرہ ( نوائے وقت رپورٹ)  اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والوں کی تعداد 34 ہزار سے تجاوز کرگئی،مقبوضہ فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 34 ہزار سے تجاوز کرگئی۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں اسرائیلی حملوں کی زد میں آکر 42 افراد شہید اور 63 زخمی ہوئے۔ غزہ میں اب تک شہید ہونے والے افراد کی کل تعداد 34 ہزار12 ہوچکی ہے۔اب تک غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں میں 76 ہزار 833 فلسطینی زخمی ہوئے۔اسرائیلی حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والوں میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔ جبکہ اسرائیل نے غزہ کے شہر رفح پر فضائی حملے شروع کردیے جن کے نتیجے میں 6 بچوں اور 2 خواتین سمیت 9 فلسطینی شہید ہوگئے، غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں میں 42 فلسطینی شہید ہوگئے۔ غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور بمباری سے بچنے کے لیے 20 لاکھ افراد اپنے گھر بار چھوڑ کر رفح میں پناہ لیے ہوئے ہیں جو قدرے محفوظ علاقہ تھا۔ امریکا اور دیگر اتحادی ممالک نے بھی رفح میں پناہ گزینوں کی زندگیوں کی حفاظت کو یقینی بنائے بغیر کوئی بھی فوجی کارروائی نہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ تاہم اسرائیل نے اتحادیوں کی تنبیہ کو کسی خاطر میں نہ لاتے ہوئے حماس کے کمانڈرز کی موجودگی کا بہانہ بناکر رفح پر حملے شروع کردیے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے رفح کے اطراف فوجیوں کی تعداد بڑھاتے ہوئے زرعی زمین کو تباہ کردیا۔ دوسری جانب نور شمس پناہ گزین کیمپ میں حماس اور اسرائیلی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں ایک نوجوان سمیت 5 فلسطینی شہید اور بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔  علاوہ ازیں حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ نے ترک صدر رجب طیب اردگان سے بند کمرہ میں ملاقات کی  جس میں غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ترک صدر پہلے میدیا کو آگاہ کر چکے تھے کہ  ملاقات کا ایجنڈا دونوں رہنمائوں کے درمیان رہے گا۔ 

ای پیپر دی نیشن