کیف (آئی این پی )یوکرائن نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے روس کے اہم اور دور تک حملے کرنے والے جنگی جہاز Tu22M3 کو میزائل کے ذریعے تباہ کردیا۔ یوکرائنی حکام نے دعوی کیا کہ انہوں نے روسی جنگی طیارے کو اپنی سرحد سے 300 کلومیٹر دور روسی حدود میں ہی تباہ کردیا تاہم روسی حکام کا کہنا ہے کہ ان کا جہاز یوکرین نے تباہ نہیں کیا بلکہ جہاز تکنیکی خرابی کی وجہ سے گرکر تباہ ہوا۔ روسی حکام کے مطابق طیارے میں سوار 4 افراد میں سے ایک ہلاک ہوگیا اور 2 زخمیوں کواسپتال داخل کروایا گیا ہے جب کہ ایک شخص ابھی لاپتا ہے جس کی تلاش جاری ہے۔ رپورٹس کے مطابق یوکرین اس سے پہلے صرف ان ہی روسی جہازوں کو گرا پایا تھا جو اس کی سرحدی حدود میں داخل ہوکر حملہ آور ہوئے مگر پہلی مرتبہ یوکرین نے روس کی سرحدی حدود کے اندر حملہ کرکے روسی جنگی جہاز کو گرایا ہے۔ رپورٹس کے مطابق روس کا Tu22M3 جنگی طیارہ 22 کروز میزائلوں سے لیس ہوتا ہے اور یہ دور تک حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اس طیارے کو سب سے پہلے 1977 میں استعمال کیا گیا تھا مگر پھر سال 2018 میں اسے مزید بہتر اور جدید بنایا گیا، عالمی ادارہ برائے اسٹریٹیجک اسٹیڈیز کے مطابق روس کے پاس 57 ایسے جہاز ہیں۔