لاہور(نامہ نگار) موٹر وے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کرلی۔ ترجمان کے مطابق اے این ایف نے موٹروے پولیس کو مشکوک کار کی اطلاع دی تھی، جس پر پٹرولنگ افسران نے اس کار کو سیال موڑ کے قریب روکنے کی کوشش کی۔ اس دوران ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش کی جسے تعاقب کر کے روک لیا گیا۔ کار کی تلاشی لینے پر 78کلو افیم اور 73 کلو حشیش برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اینٹی نارکوٹکس فورس نے 9 مختلف کارروائیوں میں 39کلو منشیات برآمد کر کے 7 ملزم گرفتار کر لئے ہیں۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل سے 2.5 کلو افیون راولپنڈی میں برطانیہ سے بھیجے گئے پارسل سے 14 گرام ویڈ بلوچستان میں دوکی سے 16 کلو افیون، سکھر ہائی وے کے قریب دو خواتین سے 9 کلو چرس، آئی جے پی روڈ راولپنڈی میں خاتون سے 6کلو چرس، جناح کالونی فیصل آباد کے قریب ملزم سے 2.5 کلو چرس ، تین میلا چوک اٹک میں ملزم سے 1.5 کلو چرس، پشاور میں ملزم سے 1.2 کلو گرام چرس برآمد کی جبکہ زیرو پوائنٹ قصور کے قریب ملزم سے 500 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔
موٹروے پولیس، اینٹی نارکوٹکس نے کروڑوں کی منشیات برآمد کر لیں، 8 ملزم گرفتار
Apr 21, 2024