منڈی بہاؤالدین (نامہ نگار) پوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے کہا ہے کہ بیساکھیوں پر بننے والی حکومت زیادہ دیر نہیں چل سکتی۔ کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ہو چکی ہیں۔ پٹرول ڈیزل، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں ابھی مزید اضافہ ہوگا۔ عمران خان واحد لیڈر ہیں جو ملک کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتے ہیں۔ ضمنی الیکشن میں حکومت کی رگنگ کے باوجود ہم سیٹیں جیتیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منڈی بہاؤالدین میں افضال احمد گوندل بھلو آف فرانس کی ہمشیرہ کی شادی کی تقریب میں شرکت کے دوران میڈیا سے خصوصی گفتگو میں کیا۔ پاک افغان بارڈر پر ہمارے چھ جماعتوں کے الائنس نے تاریخی جلسہ کیا، بلوچستان، سندھ سمیت ملک بھر میں جلسے کریں گے۔ چیلنج کرتے ہیں کہ حکومتی پارٹیاں بلوچستان میں کہیں بھی ایک جلسہ کرکے دکھا دیں۔ عمر ایوب کا کہنا تھا ساری دنیا کو معلوم ہے کہ مینڈیٹ چرایا گیا ہے۔ الیکشن کمشن نے جو کچھ کیا ہے، اس کی قیمت پاکستان کو ادا کرنی پڑے گی، انہوں نے کہا کہ ہماری کسی کے ساتھ کوئی ڈیل نہیں چل رہی۔ آئین اور قانون کی پاسداری کرتے ہیں، سائفر کیس ریت کا ٹیلہ، عدت کیس بوگس، توشہ خانہ کیس بھی ختم ہو جائے گا۔ آصف علی زرداری ٹین پرسنٹ نہیں، مسٹر ہندرڈ پرسنٹ ہیں۔