لاہور(کامرس رپورٹر) مسابقتی کمشن آف پاکستان نے پنجاب میں مہنگی مرغی کے معاملے پر سٹیک ہولڈرز سے جواب طلب کر لیا۔ محکمہ لائیو سٹاک حکام کے مطابق مرغی مافیا واٹس ایپ گروپس پر ریٹ نکالتے ہیں۔ پچھلے چند روز میں مرغی کی فی کلو قیمت 200 روپے تک بڑھائی گئی۔ محکمہ لائیو سٹاک حکام کے مطابق پولٹری فارمرز اور ٹریڈرز کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ دونوں سے سٹاکس کا ڈیٹا منگوا لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق پنجاب حکومت نے بھی اس گٹھ جوڑ کا نوٹس لیا ہے۔ دریں اثناء صوبائی دارالحکومت میں گزشتہ 2ہفتوں کے دوران ایک کلو چینی کی قیمت 8روپے سے 10روپے اضافے سے148روپے سے 150روپے تک پہنچ گئی ہے۔ مقامی تھوک مارکیٹ میں گزشتہ 2ہفتوں کے دوران ایک کلو چینی کی قیمت میں 4روپے اضافہ ہوا ہے جس سے اس کی قیمت 138روپے سے بڑھ کر 142روپے ہو گئی ہے۔