بشریٰ بی بی کا 6 گھنٹے چیک اپ، رپورٹس کلیئر، گیسٹرو کا معمولی مسئلہ

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا چیک اپ مکمل کر لیا گیا۔ ڈاکٹرز نے تمام رپورٹس کلیئر قرار دے دیں۔ ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی ٹیسٹ کیلئے 6 گھنٹے اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں رہیں، جہاں ان کی انڈوسکوپی سمیت متعدد ٹیسٹ کیے گئے۔ ذرائع نے بتایاکہ بشریٰ بی بی نے بلڈ ٹیسٹ کرانے سے انکار کیا اور خون کا نمونہ نہیں دیا۔ ہسپتال ذرائع  کے مطابق کہ بشریٰ بی بی کی اینڈو سکوپی، الٹراساؤنڈ، ایکو اور ای سی جی کی گئی جبکہ چیک اپ کے وقت بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم بھی موجود تھے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی کو معدے یعنی گیسٹرو کا معمولی مسئلہ ہے جبکہ بشریٰ بی بی کا خون کا نمونا نہ دینے کا معاملہ حتمی رپورٹ میں تحریر کیا جائے گا اور میڈیکل رپورٹس ڈاکٹر عاصم، جیل سپرنٹنڈنٹ اور پمز ہسپتال کو فراہم کی جائیں گی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز احتساب عدالت نے بشریٰ بی بی کی درخواست منظور کرتے ہوئے دو روز میں نجی ہسپتال سے ان کے ٹیسٹ کرانے کا حکم دیا تھا۔اڈیالہ جیل سنٹرل راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کیا۔ طبی معائنہ بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم یونس نے کیا۔ ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کے طبّی معائنے میں ابتدائی طور پر سامنے آنے والے حقائق نہایت تشویشناک اور ہمارے خدشات پر مہرِ تصدیق ثابت کرتے ہیں۔ بشریٰ بی بی کو تیزاب/زہریلا مواد ملا کھانا دئیے جانے، ان کے نظامِ انہضام خصوصاً خوراک کی نالی اور معدے میں تیزاب کی زائد مقدار سے پیدا ہونے والے زخم واضح نمایاں ہیں اور زہریلا مواد ملا کھانا کھانے سے ان کے منہ خصوصاً ہونٹوں پر نمایاں ہونے والے اثرات بھی تاحال باقی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن