دوسرا ٹی ٹونٹی: پاکستان نے نیوزی لینڈکو 7 وکٹوں سے شکست دیدی

Apr 21, 2024

لاہور(سپورٹس رپورٹر)دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے مہمان نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر پانچ میچوں کی سیریز میں ایک صفرکی برتری حاصل کرلی ۔راولپنڈی میں کھیلے گئے پانچ میچز کی سیریز کے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم 18.1اوورز میں 90 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ نیوزی لینڈ کا کوئی بیٹر پاکستانی بائولرز کے سامنے زیادہ دیر تک نہ ٹک سکا ۔ مارک چیپمین 19 رنز کیساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ٹیم سیفرٹ 12‘ٹم رابنسن چار ‘ڈین فوکس کرافٹ تیرہ ‘جیمز نیشم ایک ‘کول مکونچی پندرہ ‘مائیکل بریسویل چار ‘ایش سوڈھی آٹھ ‘جیکب ڈفی آٹھ ‘بین سیئرز تین اور بین لسٹر ایک رن بناسکے ۔ شاہین شاہ آفریدی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد عامر، ابرار احمد اور شاداب خان نے 2 ،2  اور نسیم شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستانی ٹیم نے 91 رنز کا ہدف 3 وکٹوں پر 13 ویں اوور میں پورا کرلیا۔ محمد رضوان 45 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ عرفان خان نے 18، بابر اعظم نے 14، عثمان خان نے 7 اور صائم ایوب نے 4 رنز بنائے۔ بریسویل، سوڈھی اور لسٹر نے ایک ایک وکٹ لی۔شاہین آفریدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔ سیریز کا پہلا ٹی میچ بارش کے باعث ختم کر دیا گیا تھا۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ راولپنڈی میں ہی آج کھیلا جائیگا۔ میچ شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹر محمد رضوان ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں تیز ترین 3000 رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر نے 79 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا۔محمد رضوان نے ویرات کوہلی اور بابر اعظم کا مشترکہ ریکارڈ توڑا ہے۔ بابر اعظم اور ویرات کوہلی نے 81، 81 اننگز میں 3000 ٹی ٹونٹی رنز مکمل کیے تھے۔

مزیدخبریں