کھڈیاں جلسہ، شیر افضل مروت، محمد حسین ڈوگر اور 600 نامعلوم کارکنوں کیخلاف مقدمات درج

Apr 21, 2024

قصور (نمائندہ نوائے وقت) کھڈیاں میں غیر قانونی جلسہ کرنے پر شیر افضل مروت، محمد حسین ڈوگر سمیت 16 نامزد راہنماؤں جبکہ 600/500نامعلوم کارکنان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ سنی اتحاد کونسل نے جلسے سے قبل این او سی نہیں لیا تھا جس کی بناء پر مقدمہ درج کیا گیا۔ جلسے میں ریاست مخالف بیان بازی کرکے لوگوں میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی گئی۔ ایف آئی آر کی تحریر میں اسلحہ کی نمائش کرتے ہوئے الیکشن کمشن کے کوڈ آف کنڈکٹ اور دفعہ 144کی خلاف ورزی بھی شامل ہے۔ پولیس نے نامعلوم کارکنان کی شناخت اور گرفتاریوں کے لیے ویڈیو اور تصاویر سے مدد حاصل کی۔ قبل ازیں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے این اے 132 کھڈیاں میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ ڈی پی او قصور نے کہا مروت بھی نہیں آئے گا مجھ سے پوچھا گیا تو میں نے کہا زندہ رہا تو آؤں گا، مر گیا تو پتا نہیں۔ شیر افضل نے کہا کہ 9 مئی کے بعد ہر ڈی پی او، ڈی سی او فرعون بنا ہوا ہے۔ بننے کی تیاری میں ہیں ہمارا قیدی 804 جب انھوں نے ہم سے بلے کا نشان چھیننا چاہا توشہ خانہ میں نا اہلی ہو سکتی اور پارٹی کا نشان بھی چھن سکتا ہے۔ عمران خان نے مجھے کہا کہ عمران کے گھر کا کوئی فرد کوئی عہدہ بھی نہیں رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو قوم نے بتایا کہ 9 مئی ہو، عدت کا الزام ہو، سائفر ہو تو یہ سب آپ کی غلیظ ذہنیت کا عکاس ہے۔ سردار محمد حسین ڈوگر ڈاکٹر عظیم الدین زاہد لکھوی میاں حمبل ثناء کریمی سمیت دیگر پی ٹی آئی راہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

مزیدخبریں