لاہور (نامہ نگار) مومن پورہ، اسلام پارک اورنج لائن ٹرین سٹیشن کے قریب پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک جبکہ ایک کانسٹیبل شہید اور دوسرا شدید زخمی ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق باغبانپورہ پولیس کے تین اہلکار علاقے میں معمول کے گشت پر تھے کہ بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکل سوار دو ڈاکو ایک شہری کو لوٹ رہے تھے، تینوں پولیس اہلکار قریب پہنچے ہی تو ڈاکوئوں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک پولیس کانسٹیبل عمران حیدر موقع پر ہی شہید ہو گیا اورایک کانسٹیبل دلدار زخمی ہو گیا جبکہ تیسرے پولیس اہلکار کی فائرنگ سے دونوں ڈاکو مارے گئے۔ دریں اثناء کانسٹیبل عمران حیدر کی نماز جنازہ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ادا کر دی گئی۔ جس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ، ڈی آئی جی (آپریشنز) سید علی ناصر رضوی، ڈی آئی جی(انویسٹی گیشن) ذیشان اصغر، سینئر افسران اور اہلکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، کانسٹیبل عمران حیدر کی عمر 38 برس، تعلق باٹا پور لاہور سے تھا، اہلخانہ میں اہلیہ، ایک بیٹا اور 7 بیٹیاں شامل ہیں۔
مومن پورہ میں پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو ہلاک، ایک کانسٹیبل شہید، دوسرا زخمی
Apr 21, 2024