ڈالروں کے عوض اسرائیل تسلیم کرنے کی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دینگے: حافظ نعیم

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ ڈالروں کے عوض اسرائیل کو تسلیم کرنے کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ غیور پاکستانی قوم بھکاری نہیں، مسئلہ فلسطین کا دو ریاستی حل کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ جعلی اور فراڈ مینڈیٹ پر بننے والی حکومت سے اپیل نہیں مطالبہ کرتے ہیں کہ فلسطین کے لیے آواز اٹھائے ورنہ عوام کے غیض و غضب کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہو جائے۔ حکومت اسلامی دنیا اور اسرائیل مخالف غیر مسلم ممالک کی سربراہی کانفرنس بلا کر اسرائیل کو جنگ بندی کے لیے وارننگ جاری کرے۔ یقین سے کہتا ہوں اسی روز حماس کی شرائط پر جنگ بندی ہو جائے گی۔ معلوم ہے اسلام آباد میں بیٹھے بزدل حکمرانوں سے ایسا نہیں ہو گا، جماعت اسلامی پوری قوم کو فلسطین پر یکجا کرے گی اور آئین و جمہوریت کی بحالی کی بھرپور تحریک چلائے گی۔ لاہور میں امریکی قونصلیٹ کے سامنے جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام ’’لبیک یا اقصیٰ‘‘ مارچ میں خواتین، بچوں سمیت ہزاروں کی تعداد میں مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ مقررین اور سٹیج پر موجود اہم شرکاء میں لیاقت بلوچ، ڈاکٹر اسامہ رضی، امیر العظیم، ڈاکٹر خالد قدومی، نصراللہ گورائیہ، آصف لقمان قاضی، قیصر شریف، حافظ محمد ادریس، ضیا الدین انصاری، خالد بٹ، ذکر اللہ مجاہد، انجینئر اخلاق احمد و دیگر شامل تھے۔ امیر لاہور نے اہلیان شہر کی جانب سے فلسطین کے لیے 13کروڑ روپے کا امدادی چیک امیر جماعت کو پیش کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے زندہ دلان لاہور کے جذبہ کو سراہا اور انھیں عظیم الشان یکجہتی فلسطین مارچ کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا۔ امیر جماعت نے اہل فلسطین اور حماس کے مجاہدین کی قربانیوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے جذبہ ایمانی سے ٹیکنالوجی سے لیس طاقت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا اور پوری امت کو مزاحمت کا سبق سکھایا، اہل غزہ نے بتا دیا کہ اقامت دین کی جدوجہد اور قرآن کے مطابق زندگی کیسے گزاری جاتی ہے۔ یقین سے کہتا ہوں فلسطینیوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی، مڈل ایسٹ کا نقشہ بدلے گا اور اسرائیل کا نام و نشان مٹ جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن