’’کچھ نیا سوچ‘‘ نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہو گی: مریم نواز

Apr 21, 2024

لاہور(نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوان تخلیقی صلاحیتوں سے مالامال ہیں۔ حکومتی سرپرستی حاصل ہو تو ہمارے نوجوانوں اپنی تخلیقی صلاحیتوں سے دنیا کو حیران کر سکتے ہیں۔ پنجاب مریم نواز شریف نے یوم تخلیق و اختراع  پر خصوصی پیغام میں کہا کہ ’’کچھ نیا سوچ‘‘ نوجوان اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کریں، نئے آئیڈیاز تلاش کریں اور زندگی کے تمام پہلوؤں میں جدت کو اپنائیں۔ کچھ نیا تخلیق کرنے کی صلاحیت انسانوں کو قدرت کا تحفہ ہے۔ تخلیقی صلاحیت میں تعلیم بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ لاہور میں قائم ہونے والے نواز شریف آئی ٹی سٹی سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ نوجوانوں میں تخلیقی صلاحیتیں پروان چڑھیں گی۔ ترقی کرنی ہے تو اپنے نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی۔ پنجاب حکومت ملکی ترقی کے لئے نوجوانوں کی اختراعی سوچ کا خیر مقدم کرے گی۔ جدت طرازی پیداواری صلاحیت، بر آمدات، اور ملازمت کے مواقع فراہم کرتی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ وہ ممالک جو جدید تحقیق اور ڈویلپمنٹ میں سرمایہ کاری کرتے ہیں وہ معاشی طور پرتیزی سے ترقی کررہے ہیں۔تخلیقی صلاحیت وقت اور تبدیلی کے ساتھ پیدا ہونے والے مسائل کا حل ڈھونڈنے کیلئے انتہائی ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ نے باغبانپورہ میں ڈاکوؤں سے مقابلہ میں شہید کانسٹیبل کے لئے حرف عقیدت پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے شہید کے اہلخانہ سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ شہید کانسٹیبل عمران حیدر نے پنجاب پولیس کا سر فخر سے بلند کیا۔ فرض کی ادائیگی میں جان قربان کرنے والے ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے زخمی کانسٹیبل دلدار کو بہترین طبی امداد مہیا کرنے کی بھی ہدایت کی۔ مریم نواز شریف نے چینی زبان کے عالمی دن پر  پیغام میں کہا ہے کہ چینی زبان عالمی منظر نامے میں بہت زیادہ اہمیت اختیار کرچکی ہے،چینی زبان اقوام متحدہ کی چھ آفیشل زبانوں میں سے ایک ہے، دنیا بھی چین اور چینی زبان کی اہمیت کو تسلیم کرتی ہے۔ چین نے دنیا بھر میں معاشی طو رپر اپنالوہا منوایا ہے۔عوام کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے میں زبان اہم ہے۔ پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے چین نے متعدد منصوبوں کا آغاز کیا ہے۔ چینی باشندوں کی سکیورٹی پر مامور پنجاب پولیس کو چینی زبان سکھائی جاتی ہے۔

مزیدخبریں