وزیراعظم شہبازشریف نے شاعرمشرق علامہ محمد اقبال کے یوم وفات پرانہیں خراج عقیدت پیش کیا۔وزیراعظم شہبازشریف کا شاعرمشرق علامہ محمد اقبال کے یوم وفات پرپیغام میں کہنا تھاکہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے اپنے افکار و تعلیمات میں امتِ مسلمہ کے اتحاد پر زور دیا. نوجوان ان کی خصوصی توجہ کا مرکز تھے. انہوں نے نوجوانوں کو اپنے اسلاف کی قربانیوں، انکی عظمت اور اپنی کھوئی ہوئی میراث سے روشناس کروانے میں اہم کردار ادا کیا. اقبال نے نوجوانوں جہد مسلسل کی تعلیم دی اور ان کو مسلمانوں کے تابناک ماضی سے سبق حاصل کرکے مستقبل میں علم و تحقیق کی منازل طے کرنے کی تلقین کی۔ شہبازشریف کاکہنا تھاکہ اقبال کے فلسفہِء خودی ہم سب کے لئے مشعل راہ ہے۔ ان کے خودی کے فلسفے کو اپناتے ہوئے انسان کامل بنا جا سکتا ہے. ان کے فلسفے اور تعلیمات پر نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا میں آج بھی جدید جامعات میں تحقیق کی جارہی ہے. فارسی اور اردو زبانوں میں ان کا کلام اور تحریریں آج بھی پوری دنیا میں مقبول ہیں۔ علامہ اقبال نے مسلمانوں کیلئے برِ صغیر پاک و ہند میں ایک علیحدہ ریاست کا خواب دیکھا جسے قائد اعظم اور مسلم لیگ کے دیگر رہنماؤں نے شبانہ روز محنت سے شرمندہء تعبیر کیا. وزیراعظم کاکہنا تھاکہ علامہ اقبال کا پاکستان امن کا گہوارہ، سیاسی برداشت اور بھائی چارے کا پاکستان ہے . اقبال نے ایک ایسے پاکستان کا خواب دیکھا تھا جہاں نوجوان تعمیری سوچ سے اس ملک کو ترقی کی بلندیوں پر لے جائیں۔ آئیں مل کر آج کے دن یہ عہد کریں کہ ہم اقبال کے پاکستان کے حصول کیلئے دن رات محنت کریں گے.