غزہ کے مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملے جاری ہیں، تازہ حملے کے نتیجے میں مزید 10 فلسطینی شہید ہوگئے ، گزشتہ برس اکتوبر سے جاری حملوں کے نتیجے میں غزہ میں مجموعی شہادتیں 34 ہزار سے تجاوز کرگئیں۔عالمی میڈیا کا کہنا ہے کہ مغربی کنارے کے شہر طولکرم میں اسرائیلی فوج نے مسلسل دوسرے روز بھی چھاپہ مار کارروائی جاری رکھی ہوئی ہے۔ ہفتے کے دن نورشمس کیمپ، طولکرم میں اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے مزید 10 مظلوم فلسطینیوں کوشہید کردیا۔خود اسرائیلی فوج کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 40 گھنٹوں سے زائد وقت سے جاری آپریشن کےدوران 10 فلسطینیوں کو شہید جبکہ نور شمس کیمپ کے گردونواح سے 8 فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا۔آپریشن کے دوران حماس کی کارروائیوں کے نتیجے میں اسرائیل کے 8 فوجی ہلاک جبکہ 1 پولیس اہلکار زخمی ہوا۔ جمعہ کے روز بھی نور شمس کیمپ میں طولکرم بریگیڈ کے کمانڈر ابوشجاع الجابر ساتھی امیر ابوخدیجہ کے ہمراہ شہیدکردئیے گئے۔
گزشتہ برس 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی کارروائیوں کے نتیجے میں صرف مغربی کنارے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 480 سے تجاوز کر گئی ہے۔ ہفتے کو امریکا نے اسرائیل کیلئے 26ارب ڈالر کی ہنگامی امداد منظور کی تھی۔
منظور کی گئی 26ارب ڈالر کی امداد میں سے 14ارب ڈالر عسکری امداد ہوگی ۔ امریکی ایوانِ نمائندگان اسرائیل کیلئے مجموعی طور پر 95ارب ڈالر کی بیرونی امداد کا بل منظور کرچکے ہیں .جس سے فلسطینیوں کے خلاف جارحیت میں اضافے کا خدشہ ہے۔