وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی  نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم کے حق میں باتیں کرنیوالوں نے اِسے بنانے کیلئے کچھ نہیں کیا، صرف عوام کو سبزباغ دکھائے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے لاہور میں اپنی رہائش گاہ پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کالا باغ ڈیم پرکام کم اور سیاست زیادہ ہوتی رہی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ
نوازشریف کے تجویزکردہ فلڈ کمشن سے انہیں ذاتی طور پر اتفاق ہے،لیکن صوبوں کے اعتراضات کے باعث یہ کمشن نہیں بن سکتا، تین صوبےمسلم لیگ نون کے قائد کی تجاویزسے متفق نہیں ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلاب پر سیاست زیادہ دیر تک نہیں کی جا سکتی ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے بتایا  کہ وزیراعظم ریلیف فنڈ میں اب تک ایک ارب اٹھاون کروڑ روپے جمع ہو چکے ہیں اور عالمی برادری بھی حکومت پر اعتماد کرتے ہوئے امداد دے رہی ہے ۔ ایک اورسوال کے جواب میں وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ سیلاب ٹیکس عائد کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سیلاب زدگان کے لئے امداد کی پیشکش پر ہمیں تنگ نظری دکھانے کی بجائے عالمی سوچ کے مطابق چلنا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دو ہزار پانچ میں زلزلے کے دوران  بھی بھارت کے ہیلی کاپٹر امدادی کاموں میں حصہ لیتے رہے تھے ۔

ای پیپر دی نیشن