گورنر ہاؤس کراچی میں ہونے والے اجلاس میں گورنر سندھ ، وزیراعلی سندھ ، صوبائی وزیر داخلہ منظور وسان ، آغا سراج درانی ، ایاز سومرو۔ رضا ہارون ، بابر غوری ، عادل صدیقی اور ڈاکٹر صدیقی نے شرکت کی۔ ایم کیو ایم کے وفد نے شہر میں امن و امان کی صورتحال اور گذشتہ دنوں ہونیوالےقتل کے بہیمانہ واقعات سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ کراچی کا امن خراب کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ صدر کی ہدایت کے مطابق رمضان المبارک کے دوران پرتشدد واقعات میں جاں بحق ہونیوالوں کے لواحقین کو معاوضہ دیا جائے گا جبکہ اس سے قبل دہشتگردی کا شکار ہونے والوں کے لواحقین کو بھی وعدے کے مطابق ریلیف فراہم کیا جائے گا اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ کراچی میں قیام امن یقینی بنانے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی یقینی بنائی جائے گی اور بھتہ خوری دہشتگردی منشیات اور گینگ وارمیں ملوث عناصر کےخلاف بلاتفریق و دباؤ کارروائی کی جائے گی۔