لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے گزشتہ رو ز چنیوٹ کے علاقے ہرسا شیخ میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور امدادی کیمپس میں متاثرین سیلاب سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ سیلاب زدگان میں گھل مل گئے اور ان سے ہاتھ ملایا۔ متاثرین وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کو اپنے درمیان دیکھ کر جذباتی ہوگئے اور انہوں نے ”شیر پنجاب زندہ باد، خادم پنجاب زندہ باد“ کے نعرے لگائے اور کہا کہ اس علاقے میں اس سے پہلے محمد نواز شریف آئے تھے اور اب ہمارے محبوب قائد محمد شہباز شریف متاثرین سیلاب کی امداد کیلئے خود یہاں پہنچے ہیں لیکن کسی اور لیڈر نے اس علاقے کا دورہ نہیں کیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے یہاں آ کر ہمارا حوصلہ بڑھایا ہے۔