لاہور (نیوز رپورٹر) محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ ڈینگی کے مرض کو قابو میں رکھنے کے لئے محکمہ کی جانب سے تمام اقدامات بروقت اور موثر انداز میں کئے گئے ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ طبی ماہرین اورانسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کے ایکسپرٹس پر مشتمل ٹیکنیکل کمیٹی کے اجلاس باقاعدگی کے ساتھ منعقد کئے جارہے ہیں جن کی سفارشات کی روشنی میں اقدامات کئے جاتے ہیں۔ ماہرین نے فوگنگ اورمچھر مار سپرے کے بارے میں صرف ٹارگٹڈ سپرے کی سفارش کی ہے۔ مزید برآں ماہرین کی سفارشات کی روشنی میں جس گھر سے ڈینگی بخار کا مریض رپورٹ ہوتا ہے اس کے اردگر چالیس گھروں میں ان ڈورسپرے بھی کیا جارہا ہے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ کھلے میدانوں میں جمع ہونے والے بارش کے پانی میں مچھر مار دوائی ٹیمی فاس ڈالی جارہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے مرض کی تشخیص اورعلاج معالجے کے تسلی بخش انتظامات کئے گئے ہیں۔ عوامی آگاہی مہم بھی بھرپور طریقہ سے جاری ہے۔