لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاک ا فواج دہشت گردی کے خاتمے کے لئے تاریخی کام سرانجام دے رہی ہیں اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں نمایاں کامیابیاں سمیٹ رہی ہیں، کوئٹہ میں سمنگلی اور خالد ایئر بیس پر پاک فوج کی کامیاب کارروائی پوری قوم کی تحسین کی مستحق ہے جہاں پاک فوج کے افسروں اور جوانوں نے جرأت اور بہادری کی داستان رقم کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے۔ وہ گزشتہ روز یہاں مسلم لیگ (ن) کے مختلف وفود سے بات چیت کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے کہا کہ عوام کے نام پر ہنگامہ آرائی کرنے والے شمالی وزیرستان کے مصیبت زدہ عوام کو بھول گئے ہیں۔ ملک و قوم کا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے اپنا حال قربان کرنے والے ہمارے بہن بھائی خیبر پی کے کے حکمرانوں اور سیاست دانوں سے بہتر سلوک کے مستحق تھے لیکن مصیبت کی گھڑی میں خیبر پی کے کے حکمرانوں اور سیاستدانوں نے انہیں نظرانداز کیا۔ پنجاب حکومت مشکل میں گھرے ہوئے بہن بھائیوں کی بھرپور مدد کر رہی ہے۔ اس ضمن میں پنجاب حکومت آئی ڈی پیز کی بحالی کے لئے امداد کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ احتجاجی عناصر جان لیں کہ قوم کے دکھوں کو خوشیوں میں بدلنے کیلئے آخری لمحہ بھی بہت قیمتی ہوتا ہے۔ معاہدے کے بعد پارلیمنٹ پر جانے کا اعلان عمران خان کا ایک اور یوٹرن ہے اور کوئی محب وطن پاکستانی پارلیمنٹ ہائوس پر حملے کا اعلان نہیں کر سکتا، جمہوری اداروں پر حملے کی باتیں دراصل آئین اور قانون پر حملے کے مترادف ہیں۔ پارلیمنٹ پوری قوم کی امانت ہے۔ اسلام آباد پر یلغار کرنے والے ملک میں دراصل جمہوریت کا انہدام چاہتے ہیں۔ محاذ آرائی اور انتشار کی سیاست ملکی معیشت تباہ کر کے رکھ دے گی جس کا خمیازہ پاکستان کے کروڑوں سرکاری ملازموں، کاشتکاروں، محنت کشوں، اساتذہ اور اس کے بعد آنے والی نسلوں کو بھگتنا پڑے گا۔ پاکستان کی معیشت سے کھیلنے والے قومی مجرم ہیں اور تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ شہباز شریف نے کہاکہ نام نہاد احتجاج کا ایک ایک لمحہ ملک کو کروڑوں روپے میں پڑ رہا ہے اور اسلام آباد میں دھرنا دینے والے عناصر ملک کو سیاسی عدم استحکام کا شکار کر کے غربت اور بیروزگاری کے اندھیروں میں دھکیلنا چاہتے ہیں۔
شہباز شریف