اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے گزشتہ شام آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے ساتھ ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق جنرل راحیل شریف نے معاملہ کے جلد حل کیلئے بامقصد مذاکرات پر زور دیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے منگل اور بدھ کی درمیانی شب فوج نے دارالحکومت کی سیاسی صورتحال پر پہلی بار لب کشائی کرتے ہوئے فریقین کو جلد اور معنی خیز مذاکرات کے ذریعے تصفیہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔ قبل ازیں وزیر داخلہ کے ساتھ دو بار ان کی جنرل راحیل کے ساتھ اسی موضوع پر 2 ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔ تاہم گزشتہ روز آخری ملاقات میں چودھری نثار ان کے ساتھ ملاقات میں شامل نہیں تھے۔ باور کیا جاتا ہے کہ وزیراعلیٰ نے آرمی چیف کو وفاقی حکومت کی طرف سے عمران خان اور طاہر القادری کے ساتھ مذاکرات کی کوششوں کی تفصیل سے آگاہ کیا۔ وقت نیوز کے مطابق آرمی چیف نے اس موقع پر کہا کہ مسئلے کے حل کیلئے بامقصد مذاکرات کئے جائیں، مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل ملک و قوم کے بہترین مفاد میں ہے۔ قبل ازیں آئی این پی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف نے اس توقع کا اظہار کیا کہ فریقین کوئی ایسی صورتحال پیدا نہیں ہونے دیں گے جس کی وجہ سے ملکی اداروں کے تقدس پر حرف آئے۔ دریں اثناوزیراعظم نواز شریف سے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں نے ملاقات میں سیاسی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ نے وزیراعظم کو آرمی چیف سے ہونے والی ملاقات کے بارے میں آگاہ کیا۔ ملاقات میں دھرنے ختم کرنے کیلئے حکومتی مذاکراتی عمل پر بھی مشاورت ہوئی۔