لاہور (سٹاف رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں 3 افراد پراسرار طور پر ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والے افراد کے جسموں پر تشدد کے نشانات موجود تھے۔ پولیس نے نعشیں پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے بھجوا دیں۔ شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ تینوں افراد کو نامعلوم افراد نے قتل کرکے پھینکا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز شادباغ کے علاقے میں ایک 75 سالہ بزرگ جبکہ داتا دربار کے علاقے سے 55 سالہ شخص، شفیق آباد میں 30 سالہ نوجوان کی نعشیں سڑک پر پڑی ملیں۔ راہگیروں نے پولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچتے ہوئے نعشوں کو مردہ خانے بھجوا کر تفتیش شروع کردی۔ پولیس کے مطابق پوسٹمارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آسکیں گے۔ متوفی کے ورثاء کی تلاش جاری ہے۔ ابھی تک کسی کے ورثاء کے متعلق معلومات نہیں مل سکیں۔ اس حوالے سے اہل علاقہ سے بھی معلومات لی جارہی ہیں۔ ورثاء کے ملنے پر اصل حقائق جاننے میں مدد ملے گی۔ پوسٹمارٹم رپورٹ آنے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔
لاہور: مختلف علاقوں سے 3 افراد کی تشدد زدہ نعشیں برآمد
Aug 21, 2014