ینگ ڈاکٹرز کا احتجاج، آپریشن ملتوی، مریض تڑپتے رہے، شہری سڑکوں پر خوار

لاہور (نیوز رپورٹر+ نامہ نگار) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کی جانب سے مطالبات کے حق میں گزشتہ روز صوبہ بھر میں حکومت کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ جس کے باعث شہریوں کو ٹریفک میں گھنٹوں خوار اور مریضوں کو علاج معالجے کی سہولتیں نہ ملنے سے تڑپ تڑپ کر وقت گزارنا پڑا۔ لاہور میں ڈاکٹر اجمل، عامر بندیشہ، عابد عباس، آصف، سعود، خرم شہزاد، عدنان سمیت دیگر کی قیادت میں شہر کے ہسپتالوں، جیل روڈ، مال روڈ، کینال روڈ، فیروز پور روڈ کو بلاک کر کے احتجاج کیا گیا۔ جس میں گنگارام، سروسز، پی آئی سی، چلڈرن، لاہور جنرل، میو ہسپتال اور جناح ہسپتال کے ڈاکٹرز نے شرکت کی۔ ڈاکٹرز کے احتجاج کے باعث ایمبولنسز رش میں پھنسی رہیں جبکہ مریض ہسپتالوں میں تڑپتے رہے اور ان کے آپریشن بھی ملتوی ہو گئے۔ ڈاکٹرز نے اپنے مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا حکومت اپنے وعدے پورے کرنے میںناکام ہے تنخواہوں میں اضافہ، پی جی ٹرینی، ہسپتالوں کی پرائیوٹائزیشن ختم کی جائے، ڈینٹل کیڈر ایشو حل کیا جائے، ڈاکٹرز کو فری ہاسٹل کی سہولت فراہم کی جائے جبکہ پی ایم ڈی سی ایشو اور سروس سٹرکچر جیسے اہم مسائل حل کئے جائیں۔ قیادت کا کہنا تھا مسائل کے حل تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن