بلدیاتی انتخابات‘ مخصوص نشستوں کےخلاف درخواست پر الیکشن کمشن پنجاب حکومت سے جواب طلب

Aug 21, 2015

لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے بلدیاتی انتخابات میں کسانوں، مزدوروں، خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے خلاف اور براہ راست انتخابات کرانے کیلئے عوامی تحریک کی جانب سے دائر درخواست پر الیکشن کمشن اور حکومت پنجاب کو 7ستمبر کیلئے دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ جسٹس مامون رشید شیخ نے کیس کی سماعت کی۔ عوامی تحریک کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ آئین کے آرٹیکل 140 کے تحت بلدیاتی انتخابات سمیت ہر قسم کے انتخابات میں خفیہ رائے شماری کے ذریعے امیدواروں کا انتخاب لازم ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے مزدوروں، کسانوں، خواتین اور اقلیتی امیدواروں کی خفیہ رائے شماری کے ذریعے انتخاب کی بجائے سلیکشن کا طریقہ کار وضع کیا گیا ہے جو آئین سے متصادم ہے اور من پسند امیدواروں کو نوازنے کی حکومتی سازش ہے۔ عدالت لوکل گورنمنٹ کی شق 13 کو آئین سے متصادم ہونے کی بناءپر کالعدم قرار دے۔ سرکاری وکیل نے حکومت پنجاب اور الیکشن کمشن کی جانب سے جواب داخل کرنے کیلئے مزید مہلت کی استدعا کی۔
ہائیکورٹ/ جواب طلب

مزیدخبریں