اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ جنگ ستمبر میں ہر پاکستانی نے ایک قوم کی طرح حصہ لے کر اور متحد ہو کر بھارتی جارحانہ عزائم کو ناکام بنایا، جنگ ستمبر میں بین الاقوامی سرحد کی خلاف ورزی کرنے والا دشمن آج بھی وہی حرکت کر رہا ہے ،آج بھی دشمن کے عزائم ناکام بنانے کے لئے اسی جذبے کی ضرورت ہے،1965 میں دشمن نے سرحدوں کی خلاف ورزی کرکے جارحیت کا غلط اقدام اٹھایا، جنگ ستمبر کی 50 ویں سالگرہ شاندار انداز میں منائی جائے گی۔ وہ جنگ ستمبر کی50 ویں سالگرہ کی تقریبات کی تیاریوں کے سلسلے میں اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا جنگ ستمبر کی تقریبات میں دفاع وطن میں قربانی اور بہادری کی داستانیں رقم کرنے والوں کو اجاگر کیا جائے گا۔ میڈیا یوم دفاع کی اہمیت کو قومی جذبے کے ساتھ اجاگر کرے۔ وفاقی وزیر نے وزارت کے ذیلی محکموں کو ہدایت کی کہ وہ 6 ستمبر کے موقع پر تقریبات اور پروگرام منعقد کرنے کے حوالے سے اپنی تجاویز اور سفارشات کو جلد حتمی شکل دیں۔
پرویز رشید