اسلام آباد (این این آئی) لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے جسٹس (ر) جاوید اقبال کی سربراہی میں قائم انکوائری کمشن نے مزید 66 افراد کا سراغ لگا لیا، کمشن کے پاس گزشتہ دو ماہ کے دوران لاپتہ افراد کے111 نئے کیس درج کرائے گئے جس سے زیر تفتیش کیسوں کی تعداد 1270 ہوگئی، کمشن روزانہ کی بنیاد پر اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں مبینہ جبری گمشدگیوں کے کیسوں کی سماعت کر رہا ہے، کمیشن کے سیکرٹری فرید احمد خان کی طرف سے جاری رپورٹ کے مطابق جون اور جولائی میں جسٹس (ر) جاوید اقبال، جسٹس (ر) ڈاکٹر غوث محمد اور سابق آئی جی پولیس محمد شریف ورک پر مشتمل کمشن نے مبینہ طور پر زبردستی اٹھائے جانے والے افراد کے کیسوں کی سماعت کی۔ جون میں 32 کیس نمٹاتے ہوئے 30 افراد کو بازیاب کرایا، 2 افراد کے کیس لاپتہ نہ ہونے کے باعث بند کر دیئے گئے، 56 نئے کیس درج کرائے گئے، جولائی میں 44 کیس نمٹاتے ہوئے 36 افراد کو بازیاب کرایا، 8 افراد کے کیس لاپتہ نہ ہونے کے باعث بند کر دیئے گئے، 55 نئے کیس موصول ہوئے۔
لاپتہ افراد کمشن