اسلام آباد (صباح نیوز+ آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) کسٹم حکام نے وزارت داخلہ کو ماڈل ایان علی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لئے درخواست دے دی۔ ماڈل گرل ایان علی کے کرنسی سمگلنگ کیس میں ایک نئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔گزشتہ روزکسٹم کے انویسٹی گیشن اینڈ پراسیکیوشن برانچ نے ایان علی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لئے وزارت داخلہ کو درخواست دے دی ہے۔ درخواست کا مقصد ماڈل کو بیرون ملک فرار ہونے سے روکنا ہے۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ ماڈل گرل پر سپیشل کسٹم جج کی عدالت میں آج (جمعہ) 21 اگست کو فرد جرم عائد کئے جانے کا امکان ہے۔ دوسری طرف ماڈل ایان علی نے یونیورسٹی آف کراچی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ”چپس اینڈ ڈپس“ برانڈ کا افتتاح کیا۔ یونیورسٹی آف کراچی کے طالب علم رضوان شیخ اور اریبا شیخ نے مشترکہ طور پر یونیورسٹی کی حدود میں ”چپس اینڈ ڈپس“ نامی برانڈ متعارف کروایا۔ اس موقع پر ایان علی نے طالب علموں کو پبلک ایڈمنسٹریشن پر لیکچر بھی دیا۔ ایان علی کا کہنا تھا یونیورسٹی آف کراچی میں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر ایان علی نے جی بھر کر طلباءکے ساتھ سیلفیاں بنائیں۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر ایان علی کی تصاویر اور تقریب میں شرکت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور کہا گیا ان کو کسی اور کے اشاروں پر کراچی یونیورسٹی بلایا گیا۔ یونیورسٹی انتظامیہ کسی اور کے اشاروں پر ناچ رہی ہے ورنہ ایک ملزمہ کے تقریب میں مہمان خصوصی بننے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ سوشل میڈیا پر کہا گیا جب تک ایان علی کی منی لانڈرنگ کیس کا فیصلہ نہیں ہو جاتا انہیں طلبہ کے فنکشن میں بلانا ٹھیک تھا یا نہیں۔ ایونٹ کے دوران ایان علی نے طلباءکے سوالوں کے جواب بھی دیئے جبکہ تقریب کے اختتام پر ایان علی کو اعزازی شیلڈ بھی دی گئی وہ پیشی پر جاتی تھیں تو حیلے بہانے سے اپنا چہرہ چھپاتی تھیں مگر طلباءکے درمیان تو انہوں نے مسکرا مسکرا کر پوز دئیے۔ سوشل میڈیا پر کہا گیا جامعہ کراچی کے شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کے اساتذہ طلباءکیلئے ایان کو رول ماڈل بنانا چاہتے ہیں تاہم جامعہ کراچی انتظامیہ کا کہنا ہے ایان کو طلبہ نے ذاتی طور پر بلوایا تھا۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے ان طالبعلموں کو ایان علی کو بلااجازت مدعو کرنے پر نوٹس جاری کردیئے ہیں اور پوچھا گیا ہے کہ آخر ایان علی کو ہی کیوں بلایا۔
ایان علی