ڈومیسٹک کرکٹ میں ٹیموں کی کمی سے مقابلے کی فضا پیدا ہو گی : گل زادہ

Aug 21, 2015

لاہور ( نمائندہ سپورٹس) ڈومیسٹک کرکٹ میں ٹیموں کی تعداد کو کم کرنے کے فیصلے سے ملکی کرکٹ میں مقابلے کی فضا پیدا ہو گئی۔ فرسٹ کلاس کرکٹ کا معیار بلند ہو گا اور بہترین کھلاڑیوں کو سامنے آنے اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع ملیں گے۔ ان خیالات کا اظہار پشاور ریجن کے صدر گل زادہ نے نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ٹیموں کی تعداد کو کم کرنے کا فیصلہ گورننگ بورڈ نے متفقہ طور پر کیا ہے۔ اس فیصلے میں سب لوگ شامل تھے جو آج مخالفت کر رہے ہیں انہوں نے بھی فیصلے کو تسلیم کیا تھا اب سب کے لئے اوپن چانس ہے جو اچھا کھیلے گا وہ ڈومیسٹک کرکٹ کا حصہ ہو گا۔ ریجنز کے عہدیداروں کی خود احتسابی کا عمل بھی اس فیصلے سے شروع ہو جائے گا۔ سب کو فرسٹ کلاس کھیلنے کے لئے اچھی ٹیمیں بنانا پڑیں گی۔ میرٹ کا بول بالا ہو گا۔ ٹیلنٹ کی قدر ہو گی اور باصلاحیت کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کریں گے۔کلبوں کی آبادی کے لحاظ سے اگر ٹیمیں بنانے کا مطالبہ کیا جائے تو اور بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ موجودہ فارمیٹ ملکی کرکٹ کی بہتری کے لئے ہے اس میں سب کے لئے یکساں مواقع ہیں۔

مزیدخبریں