ڈرگ پرائسنگ کمیٹی کا اجلاس 30 اگست کو طلب، ادویات کی قیمتوں میں 900 فیصد تک اضافے کی منظوری متوقع

Aug 21, 2016

اسلام آباد (صباح نیوز) حکومت کی جانب سے ایک بار پھر عوام کو علاج کی سہولیات اور دوائیوں تک رسائی کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ ڈرگ پرائسنگ کمیٹی کے اجلاس میں ادویات کی قیمتوں میں تاریخی 900 فیصد تک اضافہ کی منظوری دیئے جانے کا امکان۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈرگ پرائسنگ کمیٹی کا اجلاس تیس اگست کو طلب کیا گیا ہے جس میں پانچ سو سات ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کی منظوری متوقع ہے۔ اوپیفین نامی دوا کی قیمت ستر روپے سے بڑھاکر چھ سو پچاس روپے انڈوبیڈ نامی دوا کی قیمت دو سو اکیاسی سے بڑھا کرچھ سو پندرہ روپے جبکہ پیری جیکس کی قیمت تین سو سے بڑھاکر چھ سو پچھتر روپے کرنے پر غور ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ شازونیول کی قیمت دوسو چونتیس روپے سے بڑھا کر چھ سو روپے ہونے کا امکان ہے۔ ہیمو ایمنوگلوبین کی قیمت گیارہ سو سے بڑھاکر سات ہزار دو سو روپے، ایباڈرون کی ایک ٹیبلٹ تین سو پچاسی کی بجائے دو ہزار روپے مقرر کرنے جبکہ طاقت کا سیرپ چھپن روپے سے بڑھاکر تین سو چالیس روپے، فولک ایسڈ تیس روپے کی بجائے ایک سو پچاس روپے کرنے پر بھی غور ہوگا۔ پینٹوتھال انجکشن کی قیمت سترہ سو کی بجائے تین ہزار چھ سو اٹھاون روپے کرنے کی منظوری ایجنڈا میں شامل ہے۔ ایتھی کون کی قیمت بھی چھ ہزار چار سو بارہ روپے کی بجائے انتالیس ہزار سات سو انتالیس روپے کرنے کی بھی منظوری ہونے کا امکان ہے۔

مزیدخبریں