ریو ڈی جنیرو(سپورٹس ڈیسک) برازیل میں جاری اولمپک گیمز میں یوسین بولٹ نے جمیکا کو چار ضرب چار سو ریلے ریس میں بھی گولڈ میڈل جتوادیا ۔ان کا اولمپکس میں مجموعی طور نواں گولڈ میڈل ہے ۔تاجکستان کے دلشاد نظاروف نے ہیمر میں طلائی تمغہ حاصل کیا۔امریکہ 39طلائی ‘36چاندی اور 33کانسی کے تمغوں کے ساتھ سر فہرست ہے ۔برطانیہ 26طلائی ‘22چاندی اور 15کانسی کے ساتھ دوسرے جبکہ چین 23طلائی ‘18چاندی اور 26کانسی کے تمغوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے ۔اولمپکس مقابلوں کا آج آخری دن ہے۔ سویڈن کی جینی رسویڈز نے کراس کنٹری مائونٹین بائیک میں گولڈ میڈل جیت لیا۔پولینڈکی ماجا ولوسز زواسکا نے چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔رسویڈز نے مقررہ فاصلہ ایک گھنٹہ تیس منٹ اور پندرہ سیکنڈ میں طے کیا۔ ماجا 37سیکنڈ کے فرق سے دوسرے نمبر پر رہیں۔سربیا نے پہلی بار خواتین کے والی بال ایونٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ۔سیمی فائنل میں فیورٹ امریکی ٹیم کو شکست دی۔فرانسیسی خاتون باکسر نے اپنی سالگرہ کو یادگار بنالیا ۔سٹیلی موزیلے نے اولمپکس گیمز میںاپنی24ویں سالگرہ کے دن گولڈ میڈل جیت لیا ۔ وہ باکسنگ میں گولڈ میڈل جیتنے والی پہلی فرانسیسی خاتون بن گئیں ۔موزیلے کے منگیتر ٹونی یوکا بھی سپر ہیوی ویٹ کے فائنل میں پہنچ گئے ہیں ۔کیوبا کے روبیزی رمی ریز نے بینٹم ویٹ باکسنگ میں گولڈ میڈل جیت لیا۔انہوں نے فائنل میںامریکہ کے شیکر سٹیون سن کو شکست دی۔