سپاٹ فکسنگ :شرجیل خان کیس کی سماعت مکمل ، فیصلہ رواں ہفتے سنائے جانے کا ا،مکا ن

Aug 21, 2017

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں سپاٹ فکسنگ سیکنڈل میں پکڑے جانے والے شرجیل کیس کا فیصلہ رواں ہفتے میں سنائے جانے کا امکان ہے۔ پی سی بی اینٹی کرپشن ٹربیونل نے شرزجیل خان کے حوالے سے اپنی سماعت مکمل کر لی ہے جس میں دونوں فریقین کی جانب سے اپنے اپنے گواہان کو پیش کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق سپاٹ فکسنگ سیکنڈل میں شرجیل خان کو تین سے پانچ سال کی پابندی کے علاوہ بھاری جرمانہ بھی کیے جانے کا امکان ہے۔ پی سی بی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ٹربیونل نے شرجیل خان کیس کی سماعت مکمل کر لی ہے جبکہ خالد لطیف، شاہ زیب حسن اور ناصر جمشید کے کیسز ابھی زیر سماعت ہیں اور توقع ہے کہ 15 سے بیس روز میں ان کیسز کی بھی سماعت مکمل کر کے فیصلہ سنا دیا جائے۔ سپاٹ فکسنگ کیس میں معطل کرکٹرز کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل ہیں۔وزارت داخلہ اور ایف آئی اے نے شاہ زیب حسن کیس میں اپنا جواب لاہور ہائیکورٹ میںجمع کرادیا۔لاہور ہائیکورٹ میں سپاٹ فکسنگ کیس میں ملوث شاہ زیب حسن کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ شاہ زیب حسن کی جانب سے بیرون ملک جانے کے لئے درخواست دائر کی گئی تھی۔وزارت داخلہ اور ایف آئی اے حکام نے عدالت میں اپنا جواب جمع کرایا۔

مزیدخبریں