لاہور (خبر نگار) شہباز شریف نے خیبر پی کے میں ڈینگی کی وباءسے نمٹنے کے حوالے سے پنجاب کی میڈیکل ٹیم کے اراکین کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبر پی کے کے بہن بھائیوں کو ڈینگی سے محفوظ رکھنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور ڈینگی پر قابو پانے کیلئے خیبر پی کے کے عوام اور حکومت سے ہر ممکن تعاون کیا جائے۔ میڈیکل ٹیموں کے اراکین اور موبائل ہیلتھ یونٹ ڈینگی سے متاثرہ افراد کو طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے شب و روز کام کریں۔ دکھی انسانیت کی خدمت عبادت ہے، ٹیم کے اراکین اسی جذبے سے سرشار ہو کر کام کریں۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر ا ور ٹیم کے اراکین کی خدمات کی ستائش کی ہے۔ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے زرعی شعبے کی ترقی کے انقلابی پروگراموں سے حقیقی معنوں میں چھوٹے کسان کو ریلیف مل رہا ہے۔ زراعت قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے اربوں روپے کا پیکج دیا گیا ہے۔ اتوار کو وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت نے زراعت کی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے۔ملک کی 70سالہ تاریخ کا پہلا موقع ہے کہ بے زمین کاشتکاروں کو بھی بلاسود قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں۔ زرعی شعبہ اور کسان دوستی ہماری معاشی منصوبہ بندی کا بنیادی ستون ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ ملک تاریخ میں پہلی بار چھوٹے کسانوں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی کا شاندار پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ زرعی شعبہ کی ترقی اور چھوٹے کاشتکار کو اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنے کے لئے اربوں روپے کے وسائل مختص کئے گئے ہیں۔ زرعی ٹیوب ویلز کے بجلی کے نرخوں میں کمی، زرعی لوازمات کی رعایتی نرخوں پر فراہمی اور سستے داموں کھادوں کی فراہمی سے بھی چھوٹے کاشتکار کو ہی فائدہ ہواہے۔ زراعت، لائیوسٹاک کو ترقی دے کر غربت اور بیروزگاری جیسے مسائل پر بآسانی قابو پایا جا سکتا ہے۔
شہباز شریف
پنجاب ٹیم کو شاباش: خیبر پی کے میں ڈینگی پر قابو پانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں جائیں : شہبازشریف
Aug 21, 2017