اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی ) قومی اسمبلی اور سینٹ کے ہنگامہ خیز اجلاس آج پارلیمنٹ ہاﺅس میں ہوں گے، قومی اسمبلی کے اجلاس میں الیکشن بل2017 منظور کئے جانے کا امکان ہے، وزیر خزانہ اسحاق ڈارہاﺅس بلڈنگ فنانس کارپوریشن بل پیش کریں گئے۔ سینٹ میں پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کی کارروائی سرکاری ٹی وی پر براہ راست نشر کرنے کیلئے الگ چینل کے قیام اور ملک میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے چھوٹے ڈیمز کی تعمیر کیلئے قراردادیںپیش کی جائینگی۔ سپیکر ایاز صادق کی زیرصدارت سہ پہر 3 بجے ہوگا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں الیکشن بل2017ءپر بحث کی جائے گی اور بل کو منظور کروائے جانے کا امکان ہے، دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے الیکشن بل2017ءمیں ترامیم تیار کر لی ہیں۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے اپوزیشن کی ترامیم کو منظور نہ کیا گیا توحزب اختلاف کی جماعتیں شدید احتجاج کریں گی۔ مختلف قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس بھی ایوان میں پیش کی جائیں گی۔ دوسری جانب سینیٹ کا اجلاس چیئر مین میاں رضا ربانی کی زیر صدارت سہ پہر 3 بجے ہوگا، سینٹ میں پرائیوٹ ممبر ڈے کے موقع پر اپوزیشن جماعتوں کے سینیٹرز مختلف بل پیش کریں گئے جبکہ تحریک انصاف کے سینیٹر محمد اعظم خان سواتی پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کی کارروائی سرکاری ٹی وی پر براہ راست نشر کرنے کیلئے الگ چینل کے قیام کیلئے قرارداد پیش کریں گے جبکہ سینیٹر ستارہ ایاز ملک میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے چھوٹے ڈیمز کی تعمیر کیلئے قرارداد پیش کریں گی۔
پارلیمنٹ اجلاس