لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے امام کعبہ الشیخ حسین بن عبدالعزیزآل الشیخ کے خطبہ حج کی مکمل تائید کرتے ہوئے کہا کہ خطبہ حج انتہائی اہمیت کا حامل اور صحیح معنوں میں مسلم امہ کے جذبات کی ترجمانی ہے۔ خطبہ حج امت مسلمہ کے لئے بہترین مشعل راہ ہے۔ امام الشیخ حسین بن عبدالعزیز نے خطبہ میں امت مسلمہ کے تمام مسائل کا حل بیان کیا اور درست فرمایا ہے کہ اسلام ظلم اور زیادتی کو پسند نہیں کرتا ‘ مسلمانوں کا مال، خون اور عزت دوسرے مسلمان پر حرام ہے جبکہ اسی طرح سیاست و معیشت کو دین کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے۔ اپنے بیان میں حافظ محمد سعید نے کہاکہ خطبہ حج میں امام کعبہ نے عالم اسلام کے تمام مسائل کا احاطہ کیا ہے اور امت مسلمہ کو نصیحت کی ہے کہ وہ آپس کے اختلافات ختم کریں اور متحد ہو جائیں۔ اپنے خطبہ میں انہوں نے امت مسلمہ کو درپیش مسائل کا تفصیل سے ذکر کیا ہے۔ علماء کرام امام کعبہ کے فرمودات پر عمل کرتے ہوئے فرقہ واریت اور دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے کردار ادا کریں۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ امام کعبہ نے جامع اور مفصل خطبہ میں مسلمانوں کے مسائل کا ذکر کیا ہے اور انکا حل بھی واضح کیا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ امت مسلمہ امام کعبہ کی نصیحت پر عمل پیرا ہو۔
خطبہ حج امت کے جذ بات کی حقیقی ترجمانی، مشعل راہ ہے: حافظ سعید
Aug 21, 2018