اسلام آباد (نمائندہ خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) اسلام آباد۔ عوامی جمہوریہ چین کی سٹیٹ کونسل کے وزیراعظم لی کی قیانگ نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلیفون کر کے منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق چینی وزیراعظم نے عام انتخابات میں کامیابی اور نئی حکومت تشکیل دینے پر وزیراعظم عمران خان کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین ہر طرح کے حالات میں ایک دوسرے کے دوست ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ مل کر پاکستان اور چین کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری مقررہ مدت کے اندر مکمل کی جائے گی۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو چین کے دورہ کی دعوت بھی دی۔ وزیراعظم عمران خان نے چین کے وزیراعظم کی طرف سے نیک خواہشات کے اظہار پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین گہرے دوست اور مضبوط شراکت دار ہیں۔ پاکستان اور چین کے مابین سٹریٹجک تعاون شراکت داری کو پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے دوران مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ غربت کے خاتمے، انسداد بدعنوانی اور تعلیم اور صحت جیسے سماجی شعبوں میں اصلاحات کے حوالے سے چینی تجربات سے استفادہ کرنے کے خواہاں ہیں کیونکہ ان شعبوں میں اصلاحات ان کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری قومی اہمیت کا منصوبہ ہے اور ان کی حکومت کے دوران بھی یہ ترجیح کا حامل رہے گا اور مقررہ مدت میں مکمل ہوگا۔ انہوں نے پاکستان کی ترقی میں چینی کارکنوں کی خدمات کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ باہمی دلچسپی کے تمام علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر چین کے ساتھ قریبی روابط جاری رکھے جائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے چینی وزیراعظم کی طرف سے دورہ چین کی دعوت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ چین کے اپنے پہلے دورہ کے بے تابی سے منتظر ہیں۔ وزیراعظم نے چین کے وزیراعظم لی کی قیانگ کو بھی پہلی فرصت میں دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے پیر کو وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ انہوں نے عمران خان کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ان سے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے بھی ملاقات کی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے وزیراعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم عمران خان کو کینیڈین ہم منصب جسٹن ٹروڈو نے ٹیلی فون کیا۔ عمران خان کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ کینیڈین وزیراعظم کی عمران خان کے کرکٹ اور سیاست میں کردار پر تعریف کی۔ دونوں رہنماﺅں نے عالمی معاملات پر بھی تبادلہ خیالات کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیا۔ عمران خان نے کہا کہ کینیڈا میں 4 لاکھ پاکستانی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا جس میں کہا ہے کہ آپ نے الیکشن میں شاندار کامیابی حاصل کی۔ یہ آپ کے ویژن کی عوام میں پذیرائی اور حمایت کا ثبوت ہے۔ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ وزیراعظم عمران خان سے ائرچیف مارشل مجاہد انور نے ملاقات کی اور وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ ملاقات میں پاک فضائیہ کے پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عمران/ ملاقاتیں