وزیر اعظم عمران خان نے بھارت کو تمام تصفیہ طلب معاملات پر مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل کی جانب پیش قدمی کیلئے بھارت اور پاکستان کو مذاکرات کرنا ہوں گے،برصغیر میں غربت کے خاتمے کا بہتر طریقہ بات چیت اور تجارت ہے،امن کے بغیر دونوں ملک خوشحال نہیں ہوسکتے،سدھو کی مخالفت کرنے والے برصغیر میں امن کی مخالفت کررہے ہیں،وہ امن کا پیامبر بن کرآیا جسے پاکستانی عوام نے بے پناہ محبت اور پیار دیا۔منگل کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میںوزیر اعظم عمران خان نے سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو پاکستان آنے پر بھارتیوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنائے جانے پر کہا کہ میری تقریب حلف برداری کیلئے پاکستان آنے پر میں سدھو کا مشکور ہوں، وہ امن کا پیامبر بن کرآیا جسے پاکستانی عوام نے بے پناہ محبت اور پیار دیا، بھارت میں جو لوگ سدھو کیخلاف تلواریں سونتے ہوئے ہیں وہ حقیقت میں برصغیر کے امن پر حملہ آور ہیں جس کے بغیر ہمارے لوگوں کی ترقی ممکن نہیں۔وزیر اعظم عمران خان نے بھارت کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل کی جانب پیش قدمی کیلئے بھارت اور پاکستان کو مذاکرات کرنا ہوں گے اور کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات کا حل نکالناہوگا۔ انہوں نے کہا کہ غربت مٹانے اور برصغیر کے عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے کا آسان ترین نسخہ ہے کہ بات چیت کے ذریعے تنازعات حل کئے جائیں اور باہم تجارت کا آغاز کیا جائے۔