حسن علی کابھارتی دوشیزہ کیساتھ نکاح‘ دلہن کو کرکٹ پسند نہیں

Aug 21, 2019

لاہور‘ گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی‘ سپورٹس ڈیسک) فاسٹ باؤلر حسن علی اور بھارتی حسینہ سامعہ شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ نکاح کی تقریب دبئی کے فائیو سٹار اٹلانٹس ہوٹل میں ہوئی تقریب میں حسن علی کے اہلخانہ اور دوست شریک ہوئے۔ قومی کرکٹ ٹیم سے صرف شاداب خان نے حسن علی کے نکاح کی تقریب میں شرکت کی۔ نکاح پر حسن علی نے پاکستانی لباس سبز شیروانی پہن رکھی تھی۔ بھارتی حسینہ سامعہ آرزو نے سرخ رنگ کا لہنگا زیب تن کر رکھا تھا۔ حسن علی کے ولیمے کی تقریب جلد ہی پاکستان میں ہوگی، اہلخانہ کی میڈیا سے گفتگو حسن کے والد نے کہا کہ آج بہت خوش ہوں اور آج میرا بیٹا نئی زندگی شروع کر رہا ہے۔ جس پر میں اللہ کا شکر گزار ہوں حسن علی نے بتایا بہت خوش ہوں جسے چاہا اس سے شادی ہوئی۔ ولیمہ کی تقریب جلد پاکستان میں ہوگی۔ جسمیں اپنے دوستوں اور ٹیم ممبرز کو مدعو کیا جائیگا۔ پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ اور نامور بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے کرکٹر حسن علی اور ان کی ہونے والی دلہن سامعہ خان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ ثانیہ مرزا نے ٹوئٹر پر پیغام میں مبارکباد دیتے ہوئے ٹریٹ کی فرمائش کی ہے۔ رائٹ آرم فاسٹ بولر کی شادی کی تقریبات دبئی میں جاری ہیں۔ واضح رہے کہ حسن علی کی منگیتر سامعہ خان کا تعلق بھارتی ریاست ہریانہ سے ہے۔ فاسٹ بولر حسن علی نے نکاح کی تقریب کے موقع پر کہا ہے کہ نروس ہوں ایسا لگ رہا ہے ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے جا رہا ہوں۔ ولیمہ کی ایک تقریب پاکستان میں بھی ہو گی۔ میری زندگی میں آج بہت بڑا دن ہے۔ نئی زندگی کی شروعات کرنے جا رہا ہوں۔ میری دلہن کو کرکٹ پسند نہیں۔ میں ان کا پہلا فیورٹ کھلاڑی ہوں شائقین کرکٹ بہتر زندگی کیلئے دعا کریں۔

مزیدخبریں